15

سیشن کورٹ میدانِ جنگ بن گئی، پیشی پرآئےدوگروپوں میں تصادم،2افراد زخمی، ملزم اسلحہ سمیت گرفتار

فیصل آباد(ایچ آراین ڈبلیو)فیصل آباد میں سیشن کورٹ کے احاطے میں پیشی کے موقع پر دو گروپوں کے درمیان شدید تصادم اور فائرنگ کے واقعے نے عدالتی سکیورٹی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

پولیس کے مطابق دونوں فریق ایک مقدمے کے سلسلے میں سیشن کورٹ فیصل آباد میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فواد عارف کی عدالت میں پیشی کے لیے آئے ہوئے تھے کہ اچانک تلخ کلامی جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق جھگڑے کے دوران فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں صفدر اور عمر نامی دو افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد عدالتی احاطے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سائلین و وکلاء میں بھگدڑ مچ گئی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم میاں عدنان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ عدالتی احاطے میں اسلحہ پہنچنے اور سکیورٹی انتظامات کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں