کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ریڑھی روڈ اور ریڑھی گوٹھ کے علاقے میں تھانہ ابراہیم حیدری پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث ایک گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اسرار، حارث اور منیب اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 3 پستول بمعہ راؤنڈز، نقدی اور ایک چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی موٹرسائیکل دوران واردات اسلحے کے زور پر چھینی گئی تھی، جو تھانہ ابراہیم حیدری کے علاقے سے لی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان مختلف اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، جبکہ ان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ مختلف تھانوں سے حاصل کیا جا رہا ہے۔
ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔


