کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)بلال کالونی کے قریب ارم باؤنڈری سیکٹر 7-A میں سرسید پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان پولیس مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مشتبہ موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو زخمی ہو گیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت یوسف آغا ولد شاہ ولی کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر تقریباً 28 سے 30 سال بتائی جاتی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ لوڈ میگزین اور موبائل فون برآمد کیا گیا ہے۔ ملزم کا ایک ساتھی موقع سے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش اور ملزم کے کریمنل ریکارڈ کی جانچ جاری ہے۔


