کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)بن قاسم تھانے کی حدود مری گوٹھ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر گھریلو رنجش کے دوران ایک بیٹے نے اپنے والد کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا نوٹس ڈاکٹر عبدالخالق نے لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔ ایس ایچ او بن قاسم کی قیادت میں پولیس ٹیم نے ٹیکنیکل معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت عاطف ولد لطف علی کے نام سے ہوئی ہے، جو مقتول لطف علی ولد غلام محمد کا بیٹا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران پیش آیا، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملزم نے تیز دھار چھری سے وار کر کے اپنے والد کو شدید زخمی کیا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر واقعے سے قبل آلۂ قتل خرید کر رکھا تھا۔ ملزم نے ابتدائی بیان میں جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔


