کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کی جانب سے غیر قانونی ڈانس پارٹیز، حقہ/شیشہ اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر تھانہ بوٹ بیسن اور تھانہ ساحل پولیس نے اپنی حدود میں واقع دو مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ یہ کارروائیاں کلفٹن بلاک 5 اور ساحل ایونیو کے علاقوں میں انجام دی گئیں۔
کارروائیوں کے دوران پولیس نے مجموعی طور پر ایک خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں سے 3 ملزمان تھانہ بوٹ بیسن اور 3 ملزمان تھانہ ساحل کی حدود سے گرفتار ہوئے۔
پولیس نے موقع سے 6 حقے/شیشے مختلف فلیورز کے ساتھ برآمد کر کے قبضے میں لے لیے۔
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔


