9

وفاقی آئینی عدالت کا بڑا فیصلہ، پورٹ قاسم کی متنازع سینیارٹی لسٹ کالعدم قرار

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی آئینی عدالت نے پورٹ قاسم اتھارٹی کی متنازع سینیارٹی لسٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے نئی فہرست جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت نے سرکاری ملازمین کی سینیارٹی سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ تمام سرکاری، نیم سرکاری ادارے اور کارپوریشنز اپنی سینیارٹی لسٹیں ہر سال اپ ڈیٹ کر کے اپنی ویب سائٹس پر جاری کرنے کے پابند ہوں گے۔

جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی جانب سے جاری تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سینیارٹی لسٹیں خفیہ نہیں رکھی جا سکتیں اور انہیں ہر صورت عوامی سطح پر دستیاب ہونا چاہیے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ادارے ہر سال جنوری میں اپنی سینیارٹی لسٹیں اپ ڈیٹ کریں، جبکہ نئی بھرتیوں، ترقیوں یا مستقل ہونے کے فوراً بعد بھی ان فہرستوں پر نظرثانی لازمی ہوگی۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک ہی اشتہار اور ایک ہی بیچ میں بھرتی ہونے والے ملازمین کی سینیارٹی کا تعین صرف میرٹ لسٹ میں حاصل کردہ پوزیشن کی بنیاد پر کیا جائے گا، نہ کہ جوائننگ کی تاریخ کی بنیاد پر۔ عدالت نے قرار دیا کہ “پہلے آؤ، پہلے پاؤ” کا اصول منصفانہ انتظامی اصولوں کے خلاف ہے۔

وفاقی آئینی عدالت نے پائلٹ کیپٹن محمد علی خان کی اپیل منظور کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ غیر قانونی قرار دیا اور پورٹ قاسم اتھارٹی کی متنازع سینیارٹی لسٹ کالعدم قرار دے کر نئی اور درست فہرست جاری کرنے کا حکم دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں