کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے سندھ بھر کے وکلاء اور ماتحت عدلیہ کے لیے تعطیلات کے بڑے پیکج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سندھ ہائی کورٹ نے دو الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ سندھ میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر 26 مئی سے 29 مئی تک عدالتی تعطیلات ہوں گی۔
سندھ ہائی کورٹ کے ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ کے 14 اضلاع کراچی، ٹھٹھہ، حیدرآباد، بدین، سانگھڑ، میرپورخاص، شہید بے نظیر آباد، تھرپارکر، جامشورو، عمرکوٹ، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار اور سجاول میں یکم جون سے 30 جون تک ماتحت عدالتوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات ہوں گی۔
اس طرح عیدالاضحیٰ، ہفتہ وار تعطیلات اور موسمِ گرما کی تعطیلات کو ملا کر ان اضلاع میں مجموعی طور پر 36 روزہ عدالتی تعطیلات بنتی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ کے دیگر اضلاع خیرپور میرس، دادو، لاڑکانہ، سکھر، شکارپور، جیکب آباد، گھوٹکی، نوشہروفیروز، شہدادکوٹ اور کشمور میں یکم جولائی سے 31 جولائی تک ماتحت عدالتوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات ہوں گی۔واضح کیا گیا ہے کہ عدالتی تعطیلات کے دوران فوری نوعیت کے مقدمات کی سماعت جاری رہے گی۔


