21

پولیس مقابلہ، دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ ٹنڈو یوسف کی حدود بشیر خان کا باغ، نیا روڈ گلشن حامد روڈ کے قریب پولیس اور موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے دوران دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس کے مطابق تین مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان واردات کی نیت سے موجود تھے کہ گشت پر مامور ایس ایچ او ٹنڈو یوسف نے ٹیم کے ہمراہ انہیں مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا، جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے دو غیر قانونی پستول برآمد ہوئے۔زخمی ملزمان کا ایک ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا، جبکہ گرفتار ملزمان کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت کاشف ولد علی مردان ملاح ساکن کوٹری ضلع جامشورو اور مقبول ولد شیر محمد لغاری ساکن کوٹری ضلع جامشورو کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق ابتدائی کرمنل ریکارڈ کے مطابق ملزم کاشف ملاح پر 7 جبکہ ملزم مقبول لغاری پر 3 مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ پولیس مقابلہ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات کے تحت درج کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں