لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور میں “کوکین کوئین” کے نام سے مشہور انمول عرف پنکی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد کیس کی نوعیت پر نئے سوالات اٹھ گئے ہیں۔
ریکارڈ کے مطابق ملزمہ کے خلاف درج 4 مقدمات میں سے صرف ایک مقدمہ کوکین سے متعلق ہے جبکہ باقی 3 مقدمات چرس برآمدگی کے ہیں۔ یہ مقدمات مختلف اوقات میں لیاقت آباد (2019)، اقبال ٹاؤن (2020)، کوٹ لکھپت (2022) اور وحدت کالونی (2024) میں درج کیے گئے۔
تفصیلات کے منظرِ عام پر آنے کے بعد یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ ملزمہ کے لیے “کوکین کوئین” کی اصطلاح کس بنیاد پر استعمال کی جا رہی ہے، جبکہ سرکاری ریکارڈ میں زیادہ تر مقدمات چرس سے متعلق ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس معاملے پر مختلف حلقوں کی جانب سے منشیات کے مقدمات کے اندراج، تفتیش اور میڈیا میں پیش کیے جانے کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ معاملے کی شفاف اور غیرجانبدار انکوائری کی ضرورت ہے تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ مقدمات کن شواہد کی بنیاد پر بنائے گئے اور کہیں تفتیشی عمل میں کوئی بے ضابطگی تو شامل نہیں۔
تاحال اس معاملے پر پولیس یا متعلقہ حکام کی جانب سے مزید کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔


