اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)اسلام آباد میں ایس ایچ او تھانہ پھلگراں زبیر مظہر نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے قتل، موٹر سائیکل اسنیچنگ، ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث چار رکنی خطرناک گینگ کو گرفتار کر لیا۔
کارروائی اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں کی گئی، جبکہ اس کی نگرانی ایس پی رورل زون اور ایس ڈی پی او بارہ کہو سرکل نے کی۔
پولیس کے مطابق کارروائی انٹیلیجنس اور ہیومن ریسورسز کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ملزمان قتل، موٹر سائیکل چوری، راہزنی اور پٹرول پمپ ڈکیتی سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے تھانہ پھلگراں، بارہ کہو، صدر راولپنڈی، روات اور دیگر علاقوں میں کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، جبکہ بارہ کہو کے علاقے میں قتل کی واردات کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور قیمتی موبائل فون برآمد کر لیے ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
علاقہ مکینوں نے پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے امن و امان کی بہتری کے لیے اسے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔


