کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں شارعِ فیصل کے علاقے ڈالمیہ قبرستان کے قریب علی الصبح پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پولیس کے مطابق معمول کی چیکنگ کے دوران موٹرسائیکل سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم انہوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پستول، ایمونیشن، چھینا ہوا موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد کر لی۔زخمی ملزم کی شناخت نعمان کے نام سے ہوئی ہے، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ضابطے کی کارروائی جاری ہے جبکہ گرفتار ملزم کا سابقہ ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔


