20

آن لائن منشیات مافیا کے خلاف فہرست منظر عام پر، درجنوں نیٹ ورک سرگرم

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں آن لائن منشیات فروشی میں ملوث مافیا کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مرتب کردہ فہرست منظر عام پر آ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں سوشل میڈیا، موبائل فون اور واٹس ایپ کے ذریعے منشیات کی خرید و فروخت کا نیٹ ورک تیزی سے پھیل رہا ہے، جس میں مجموعی طور پر 70 سے زائد افراد کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

فہرست میں انمول عرف پنکی کا نام بھی شامل ہے، جس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے درخشاں تھانے کی حدود میں آن لائن منشیات کا بڑا کاروبار چلا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے صدر تھانے کی حدود میں سمیرہ عرف بیبی، جبکہ ڈسٹرکٹ کیماڑی کے سائٹ اے تھانے کی حدود میں دو خواتین سمیت دیگر افراد آن لائن منشیات کے نیٹ ورک میں سرگرم ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 45، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 7، ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 4، ڈسٹرکٹ ویسٹ میں 5، ڈسٹرکٹ کیماڑی میں 4 اور ڈسٹرکٹ سٹی میں 3 منشیات ڈیلرز آن لائن سرگرم ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بعض نیٹ ورکس میں دوسرے صوبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں، جبکہ یہ منشیات اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں آئس، کرسٹل اور ویڈ کی صورت میں سپلائی کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں