کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے سرجانی میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث بدنام زمانہ ’’ملاں گروہ‘‘ کے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان میں محمد سلمان عرف ملاں (گروہ کا سرغنہ) ولد عبدالوحید، محمد عمر ولد محمد حامد، سید علی ولد سید سرفراز، محمد زوہیب ولد محمد اقبال اور محمد دانیال ولد رسول بخش شامل ہیں۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پستول، ایک عدد 9 ایم ایم پستول (بغیر لائسنس)، 2 میگزین بمعہ ایمونیشن، 6 موبائل فونز، 2 چھینی گئی موٹرسائیکلیں اور نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں عزیز آباد، لیاقت آباد، لالوکھیت، ناظم آباد، سرجانی اور اطراف میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، موٹرسائیکل چوری اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
گرفتار ملزم محمد سلمان عرف ملاں نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسلحہ کے زور پر ایک گھر میں ڈکیتی کی، جہاں سے موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹی گئیں جن کی مالیت تقریباً 13 کروڑ روپے بنتی ہے۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں، جن کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں اور یہ پہلے بھی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
گرفتار ملزمان کو اسلحہ، ایمونیشن اور برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پاکستان رینجرز (سندھ) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے مشتبہ عناصر کی اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔


