15

کیماڑی انویسٹیگیشن ڈسٹرکٹ میں CRMD ڈیسک کا قیام، مدعیانِ مقدمہ کی فوری داد رسی کے لیے نیا شفاف نظام متعارف

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے ضلع کیماڑی میں مدعی مقدمہ کی شکایات کے فوری ازالے اور تفتیشی امور میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے کیماڑی انویسٹیگیشن ڈسٹرکٹ میں CRMD (Complaint Redressal Monitoring Desk) قائم کر دیا گیا ہے۔

یہ ڈیسک ایس ایس پی انویسٹیگیشن کیماڑی کی نگرانی میں کام کر رہا ہے اور اسے ایک انقلابی و شفاف نظام قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مدعیانِ مقدمہ کی بروقت داد رسی اور تفتیشی عمل میں بہتری لانا ہے۔

نئے طریقہ کار کے تحت ایف آئی آر درج ہوتے ہی ڈیسک فوری طور پر فعال ہو جاتا ہے اور مدعی مقدمہ سے سرکاری نمبر کے ذریعے رابطہ کر کے اسے کیس سے متعلق آگاہ کیا جاتا ہے۔

مدعی کو اس کے کیس کے تفتیشی افسر (IO) کا نام، رینک اور رابطہ نمبر فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنی شکایت کی مؤثر پیروی کر سکے، جبکہ کسی بھی شکایت یا عدم اطمینان کی صورت میں مدعی براہِ راست ایس ایس پی انویسٹیگیشن سے رابطہ کر سکتا ہے۔

ڈیسک نہ صرف مدعی بلکہ تفتیشی افسر سے بھی مسلسل رابطے میں رہتا ہے تاکہ کیس کی پیشرفت کی نگرانی کی جا سکے۔ تمام کارروائی کا باقاعدہ ریکارڈ ایک سرکاری رجسٹر میں درج کیا جاتا ہے۔

اس نظام کے لیے دو شفٹوں میں عملہ تعینات کیا گیا ہے، جس کی نگرانی ایک اے ایس آئی رینک کا افسر کر رہا ہے، جبکہ روزانہ کی کارکردگی رپورٹ ایس ایس پی کو پیش کی جاتی ہے۔

حکام کے مطابق اس جدید نظام کے باعث تفتیشی عمل میں شفافیت، پیشہ ورانہ معیار اور شہریوں کی شکایات کے ازالے میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں