کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے تھانہ الفلاح میں مبینہ کرپشن، بھتہ خوری اور غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق الزامات پر شہریوں میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق ایس ایچ او اکبر غوری کے مبینہ پرائیویٹ بیٹر جاوید پر الزام ہے کہ وہ غیر قانونی “اسپیشل پارٹی” چلاتا ہے اور مختلف غیر قانونی کاروبار کرنے والے عناصر سے مبینہ طور پر بھتہ وصول کیا جاتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ریتی بجری، گٹکا، ماوا اور منشیات فروشی جیسے غیر قانونی دھندوں میں ملوث افراد سے مبینہ سرپرستی کے نام پر رقم لی جا رہی ہے، جس سے علاقے میں قانون کی عملداری پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جاوید اور مبینہ سہولت کاروں کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کی جائے، شفاف انکوائری کرائی جائے اور “اسپیشل پارٹی” کے نام پر جاری مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کو فوری طور پر بند کیا جائے۔
شہریوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے بھی اپیل کی ہے کہ معاملے کا نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ قانون کی بالادستی یقینی بنائی جا سکے۔


