23

آذربائیجان ویزا فراڈ کیس میں ملوث اشتہاری ملزم گوجرانوالہ سے گرفتار

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے کرائم سرکل نے آذربائیجان ویزا فراڈ کیس میں ملوث اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے کرائم سرکل حیدرآباد نے ایف آئی آر نمبر 02/2026 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ملزم عدنان ولد سیف اللہ کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو اس سے قبل معزز انسدادِ بدعنوانی عدالت حیدرآباد سینٹرل کی جانب سے اشتہاری قرار دیا جا چکا تھا۔ ملزم کی گرفتاری ایف آئی اے کرائم سرکل حیدرآباد اور ایف آئی اے گوجرانوالہ سرکل کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں عمل میں آئی۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے مدعی سلمان گوپانگ اور ان کے کزن عابد زمان کو آذربائیجان کے لیے ورک ویزا دلوانے کے جھوٹے وعدے پر 18 لاکھ روپے کا فراڈ کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر سہولت کاروں کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے اور ڈائریکٹر ایف آئی اے حیدرآباد زون کی نگرانی میں ایف آئی اے اشتہاری ملزمان، ویزا فراڈیوں اور غیر قانونی انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے لیے پرعزم ہے، جبکہ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں