کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ایسٹ زون کراچی کے تھانہ کھوکھراپار پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈیری شاپ پر ڈکیتی کرنے والے اسٹریٹ کرمنل ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت دانش ولد محمد اور محمد حنیف ولد علی محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چوری شدہ موٹر سائیکل اور چھینی گئی موبائل فون برآمد کر لی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے 12 مئی 2026 کو کھوکھراپار 2/5 نمبر میں واقع ایک ڈیری شاپ پر اسلحے کے زور پر دکاندار محمد نمیئر سے نقد رقم اور دیگر سامان لوٹا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور مقامی انٹیلی جنس کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا۔
برآمد ہونے والے سامان میں منی کلاشنکوف مع ایمونیشن، ایک 30 بور پستول، تھانہ عزیز آباد کی حدود سے چوری شدہ موٹر سائیکل نمبر KPQ-9593 اور چھینی گئی موبائل فون شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان تھانہ کھوکھراپار کے مقدمہ الزام نمبر 93/2026 (دفعہ 397/34 تعزیرات پاکستان) میں بھی مطلوب تھے۔
ابتدائی ریکارڈ کے مطابق ملزم دانش کے خلاف اس سے قبل تھانہ میمن گوٹھ اور کھوکھراپار میں منشیات اور دیگر جرائم کے مقدمات درج ہیں، جبکہ ملزم محمد حنیف کے خلاف بھی 2010 اور 2012 سے قتل اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات ریکارڈ پر موجود ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے تحت مزید مقدمات بھی درج کر لیے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔


