پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو)پاکپتن میں زرعی اراضی کے مشترکہ کھاتوں کی تقسیم کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس نے “ایک مالک، ایک کھاتہ” اسکیم کے تحت باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کی منظوری سے شروع کی گئی اس اسکیم کے تحت دو سے پانچ مالکان پر مشتمل مشترکہ زرعی کھاتوں کی مرحلہ وار تقسیم کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد زمین کی ملکیت کو واضح، منظم اور شفاف بنانا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کارروائی پنجاب لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کے سیکشن 135-B اور پنجاب لینڈ ریونیو ترمیمی آرڈیننس 2026 کے تحت کی جا رہی ہے۔
جاری شیڈول کے مطابق 7 مئی سے 12 مئی 2026 تک اسکیم کی تشہیر کی جائے گی، جبکہ 13 مئی سے 20 مئی تک نقشہ جات کی تیاری مکمل کی جائے گی۔ اس کے بعد متعلقہ مواضعات میں نقشہ جات آویزاں کیے جائیں گے اور 22 مئی سے 3 جون 2026 تک اعتراضات کی سماعت ہوگی۔ حتمی فیصلے 13 جون 2026 کو جاری کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر آفس نے ہدایت کی ہے کہ اگر کسی مالک کو انتقال یا زمین کی علیحدگی درکار ہو تو وہ مقررہ مدت کے دوران متعلقہ ریونیو افسران سے رجوع کرے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام کاشتکاروں اور زمین مالکان کے لیے ایک بڑی سہولت ہے، جس سے نہ صرف تنازعات میں کمی آئے گی بلکہ زمینوں کے ریکارڈ میں شفافیت بھی بہتر ہوگی۔


