پشاور(ایچ آراین ڈبلیو)بڈھ بیر زنگلی میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں دو فلائنگ کوچز دیوار سے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں ایک 12 سالہ لڑکا جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 پشاور کنٹرول روم نے فوری طور پر میڈیکل ٹیموں اور ایمبولینسز کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر منظم اور پیشہ ورانہ انداز میں امدادی کارروائیاں انجام دیں اور زخمیوں کو کوچز سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ٹریفک حادثے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 6 افراد کو نکالا گیا، جن میں 12 سالہ احمد عمر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے۔
تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں قدرت اللہ (عمر 40 سال)، فرہاد (عمر 35 سال)، محمد (عمر ڈیڑھ سال)، مسماۃ ش (عمر 30 سال) اور مسماۃ ع (عمر 28 سال) شامل ہیں۔
پولیس اور متعلقہ ادارے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔


