طالب علموں سے مبینہ رشوت لینے کے واقعہ پر ڈی آئی جی کا نوٹس، تین پولیس اہلکار معطل

کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو)موٹر سائیکل سوار کم عمر طالب علموں سے مبینہ طور پر رشوت لینے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے کارروائی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایگل اسکواڈ کے تین اہلکاروں نے دو طالب علموں فیضان عمران اور آفتاب احمد سے مبینہ طور پر 7500 روپے زبردستی وصول کیے۔
واقعے کے سامنے آنے پر ڈی آئی جی کوئٹہ کی ہدایت پر تحقیقات کی گئیں، جس میں الزامات ثابت ہونے پر تینوں اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
معطل کیے گئے اہلکاروں میں کانسٹیبل محب اللہ، کانسٹیبل عادل رشید اور کانسٹیبل تاج محمد شامل ہیں، جو سٹی ایریا ایگل اسکواڈ میں تعینات تھے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ موبائل گشت کے دوران سامنے آیا، جبکہ متاثرہ طالب علموں نے حقیقت بیان کی جس پر فوری ایکشن لیا گیا۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے کہا کہ محکمہ پولیس میں موجود خود احتسابی نظام کے تحت کسی اہلکار کو اختیارات کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شفاف انکوائری جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں