لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)پتنگوں اورڈورکی بڑی کھیپ پکڑلی گئی، پولیس نےبین الاضلاعی نیٹ ورک کےدومبینہ ڈیلرزکوگرفتارکرلیا۔اے ایس پی ڈیفنس باریرہ کی سربراہی میں چوکی انچارج نادر آباد نقی علی کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ولید اور احسان کو دورانِ چیکنگ حراست میں لیا۔
پولیس کےمطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 100 سے زائد پتنگیں اور کیمیکل ڈور برآمد ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ آن لائن ذریعے سے پتنگیں اور ڈور منگوا کر مختلف اضلاع میں سپلائی دیتے تھے۔پولیس کے مطابق اس نیٹ ورک کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔
ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایس پی کینٹ اختر نواز نے کہا ہے کہ پتنگ فروشوں، پتنگ سازوں اور پتنگ بازوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے، جبکہ اے ایس پی ڈیفنس اور ان کی ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔


