کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)گارڈن پولیس نے دورانِ گشت بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو اسٹریٹ کرمنلز کو اسلحہ سمیت حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او گارڈن حنیف سیال کی ہدایات پر اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے پولیس گشت میں اضافہ کیا گیا تھا۔ صبح سویرے گارڈن کے علاقے دھوبی گھاٹ کے قریب مشتبہ موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس کے اشارے پر ملزمان نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس نے تعاقب کے بعد دونوں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عرفان نور ولد نور محمد اور فیضان احمد صدیقی عرف سونو ولد عدنان احمد صدیقی کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو غیرقانونی ٹی ٹی پستول، موبائل فونز اور موٹرسائیکل نمبر KBO-9998 برآمد کر کے تحویل میں لے لی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے ہوشربا انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ صبح سویرے نوکری پر جانے والے ملازمین کو لوٹتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کئی سالوں سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کر رہے تھے اور اب تک 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ ملزم عرفان نور عادی جرائم پیشہ ہے اور اس سے قبل بغدادی، نیپیئر، چاکیواڑہ سمیت دیگر تھانوں میں بھی گرفتار ہو چکا ہے۔
ایس ایچ او گارڈن حنیف سیال نے ملزمان کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے انہیں مزید کارروائی کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا ہے۔


