لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)نواب ٹاؤن میں لڑکی سے موبائل فون چھیننے والا ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ واقعے کے بعد وزیراعلیٰ کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کے لیے 8 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عدنان یوسف کے نام سے ہوئی ہے، جسے چوہنگ کے علاقے سے زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا۔ ملزم واردات کے وقت اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جیو فینسنگ اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا اور مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان کے مطابق جب پولیس نے ناکے پر ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے دوران ملزم عدنان اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے زخمی ہو کر گر پڑا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے زخمی ملزم کو گرفتار کر کے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف تھانہ چوہنگ میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ کیس کو ٹریس کرنے کے لیے سینکڑوں سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لیا گیا، جس میں جیو فینسنگ اور ہیومن انٹیلی جنس نے اہم کردار ادا کیا۔


