ریڑھی گوٹھ میں رینجرز کی کارروائی، اسٹریٹ کرائم میں ملوث “برمی گینگ” کے 2 ملزمان گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے ریڑھی گوٹھ سے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث “برمی گینگ” کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبداللہ ولد یعقوب اور اصغر ولد یعقوب کے ناموں سے ہوئی ہے۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 12 بور بغیر لائسنس رائفل بمعہ ایمونیشن، دو 12 بور میگزین، ایک 30 بور پستول، بغیر کاغذات ہونڈا 125 موٹر سائیکل اور دو موبائل فونز برآمد کیے گئے۔

رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان ریڑھی گوٹھ اور ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ تفتیش کے دوران ملزم اصغر علی نے انکشاف کیا کہ وہ گروہ کے دیگر ارکان کو وارداتوں کے لیے اسلحہ فراہم کرتا اور چوری شدہ موٹرسائیکلیں سستے داموں خریدتا تھا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ گروہ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کو اسلحہ اور برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کی روک تھام کے لیے ایسے عناصر کی اطلاع قریبی چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں