کچلاک خاتون قتل کیس کا معمہ حل، سریس کرائم ونگ کی شاندار کامیابی

کچلاک(ایچ آراین ڈبلیو)کچلاک کے علاقے کلی کتیر کے برساتی نالے سے ملنے والی نامعلوم خاتون کی نعش کے معمہ کو سریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ (SCIW) نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حل کر لیا۔

پولیس کو 2 اپریل 2026 کو اطلاع ملی کہ کلی کتیر کے برساتی نالے میں خاتون کی لاش ملی ہے۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے کرائم سین یونٹ جائے وقوعہ پر پہنچا، جہاں نعش سیاہ کمبل میں لپٹی ہوئی پائی گئی۔ بعد ازاں نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا گیا اور مقدمہ درج کر کے تفتیش SCIW کے سپرد کی گئی۔

SSP/SCIW ڈاکٹر سمیع ملک کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ٹیم نے جائے وقوعہ کا باریک بینی سے جائزہ لیا، شواہد جمع کیے اور CCTV فوٹیج کی مدد سے ملزم تک رسائی حاصل کی۔ مسلسل محنت اور جدید تکنیک کے استعمال کے نتیجے میں ملزم نور محمد کو گرفتار کیا گیا۔

ملزم کے اعتراف کے مطابق مقتولہ نوشین کو اس کے شوہر سخی داد نے گھریلو ناچاقی پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔ بعد ازاں نعش کو کمبل میں لپیٹ کر بوری میں بند کیا اور گاڑی کے ذریعے برساتی نالے میں پھینک دیا گیا۔ جائے وقوعہ کو صاف کر کے شواہد مٹانے کی کوشش بھی کی گئی۔

سریس کرائم ونگ کی بروقت کارروائی اور جدید تفتیشی طریقوں نے اس اندھے قتل کے کیس کو حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس پر پولیس نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور عوام کو یقین دلایا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں