حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) پیپلز موٹر سائیکل فیول سبسڈی پروگرام کے تحت موٹر سائیکلوں کی آن لائن رجسٹریشن کے آغاز سے قبل ہی سرکاری ویب سائٹ بند ہو گئی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آن لائن رجسٹریشن کل سے شروع ہونے والی تھی، لیکن ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ اچانک کام کرنا بند کر گئی۔ شہری بار بار لنک کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ویب سائٹ تک رسائی ممکن نہیں ہو رہی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے اعلان کردہ سبسڈی پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ ویب سائٹ پر رجوع کر رہے ہیں، مگر سسٹم کی خرابی نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
ذرائع کے مطابق ویب سائٹ پر بیک وقت زیادہ ٹریفک آنے کے باعث تکنیکی خرابی پیش آئی ہے، جسے جلد دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ویب سائٹ فوری طور پر بحال کی جائے تاکہ وہ اپنی رجسٹریشن آسانی سے مکمل کر سکیں۔


