سندھ(ایچ آراین ڈبلیو)مختلف اضلاع، خاص طور پر خیرپور اور سکھر میں منکی پاکس اور چکن پاکس جیسی علامات والی پراسرار جلدی بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 10 دنوں میں 7 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
سندھ کے ڈی جی ہیلتھ نے تمام اضلاع کے اسپتالوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور مشتبہ کیسز کے نمونے فوری طور پر ٹیسٹ کے لیے آغا خان اسپتال بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔
کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے سیکریٹری صحت کو خط لکھ کر ڈویژن بھر میں فوری ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کی سفارش کی ہے۔ اب تک اس بیماری کے 16 مصدقہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جس کے پیشِ نظر خیرپور اور سکھر کے سول اسپتالوں میں ہنگامی آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں اور ایک نجی اسپتال کو کیسز سامنے آنے پر سیل کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے تمام متعلقہ محکموں کا ہنگامی اجلاس طلب کر کے عوام میں آگاہی مہم چلانے اور اسپتالوں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس مہلک لہر کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔


