حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) بھائی خان ویلفیئر ایسوسی ایشن کے فاؤنڈر جنرل سیکریٹری حاجی محمد یاسین ارائیں نے کہا کہ قابل فخر وہ لوگ ہیں جو اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لیے بلا امتیاز انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔
یہ بات انہوں نے کبیر آئی کلینک، کالی موری میں ایک روزہ مفت آئی کیمپ کے دورے کے موقع پر کیمپ کے منتظمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ماہر امراض چشم ڈاکٹر عبدالقادر جمالی، بھائی خان ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری محمد اسماعیل شیخ اور دیگر بھی موجود تھے۔
حاجی محمد یاسین ارائیں نے کہا کہ اس پراشوب دور میں اللہ کی رضا کے لیے دوسروں کی تکالیف کا ازالہ کرنا اور ان کے دکھ سکھ میں ساتھ دینا ہم سب کا اولین فرض ہے۔ انہوں نے کیمپ کے انعقاد پر ڈاکٹر عبدالقادر جمالی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی اور کہا کہ مقصد صرف دکھی انسانیت کی خدمت ہے۔
ڈاکٹر عبدالقادر جمالی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیمپ میں سو سے زائد مریضوں کا مفت معائنہ اور مفت ادویات فراہم کی جائیں گی، جبکہ 40 سے زائد مریضوں کے آپریشن بھی بلا معاوضہ کیے جائیں گے۔


