پاک افغان شاہراہ پر گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، 3 افراد جاں بحق

خیبر(ایچ آراین ڈبلیو)ضلع خیبر میں پاک افغان شاہراہ پر نیکی خیل کے مقام پر افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد امدادی کارروائی کے دوران تین افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ چوتھے شخص کی تلاش تاحال جاری ہے۔ رات بھر ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث برساتی نالوں میں شدید طغیانی رہی، جس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔

دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تیز بارش کے باعث نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ یوسف اڈہ کے علاقے میں ایک شوروم کی چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں شوروم میں کھڑی متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا، جبکہ چھت پر نصب سولر پینل بھی ٹوٹ گئے۔

ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، جبکہ شہریوں کو بارش اور سیلابی ریلوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں