لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) حکومتِ پنجاب نے صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں میں نئے تعلیمی سال کا آج سے باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ تعلیمی حکام کے مطابق نئے سال میں موسم گرما کی چھٹیاں دو ماہ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ موسم سرما کی چھٹیاں جنوری میں ہو سکتی ہیں۔
تعلیمی سال کے دوران طلبہ میں تقریباً 3 کروڑ مفت درسی کتابیں تقسیم کی جائیں گی۔ پہلی سے تیسری جماعت کے بچوں کو سو فیصد مفت کتابیں فراہم کی جائیں گی، چوتھی اور پانچویں جماعت کے طلبہ کو 80 فیصد، چھٹی سے نہم جماعت تک کے طلبہ کو 50 فیصد اور دہم جماعت کے طلبہ کو سو فیصد کتابیں دی جائیں گی۔ دیگر طلبہ و طالبات کے لیے بک بینک کے ذریعے کتابوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کسی بھی طالب علم کو کتابوں کی کمی کا سامنا نہ ہو۔
حکام نے مزید بتایا کہ اس سال سرکاری اسکولوں کے بجلی کے کمرشل ٹیرف میں بھی کمی کا امکان ہے تاکہ اسکولوں کے اخراجات کم کیے جا سکیں اور تعلیمی اداروں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


