نوری آباد کے قریب ایل پی جی سے بھری مزدا الٹ گئی، دو افراد زخمی

جامشورو(ایچ آراین ڈبلیو) نوری آباد کے قریب لنک روڈ پر ایل پی جی گیس سے بھری ایک مزدا گاڑی الٹ گئی۔ حادثے کے بعد مزدا میں موجود گیس سلنڈر سڑک پر بکھر گئے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی بڑا جانی یا مالی نقصان رونماء نہیں ہوا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں ڈرائیور سمیت دو افراد معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق مزدا گاڑی کراچی سے روانہ ہو کر نوری آباد پہنچی تھی کہ راستے میں حادثہ پیش آیا۔ واقعے کے بعد ٹریفک کی روانی کچھ دیر متاثر رہی، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول میں لے لیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں