حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن، ایف آئی اے سی سی سی کراچی کی کارروائی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے کراچی میں حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک اہم ملزم کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ڈائریکٹر کراچی زون کی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر کی نگرانی میں کی گئی۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق، انکوائری نمبر 17/2026 کی بنیاد پر کارروائی ایم اے جناح روڈ، نزد گل پلازہ کراچی میں انجام دی گئی۔ گرفتار ملزم کی شناخت محمد ثاقب سلیم ولد محمد سلیم کے طور پر کی گئی ہے۔

ملزم کے قبضے سے 2 کروڑ روپے نقدی برآمد کی گئی اور ایک موبائل فون بھی ضبط کیا گیا۔ موبائل فون میں حوالہ ہنڈی سے متعلق واٹس ایپ چیٹس موجود تھیں، جو تحقیقات کے لیے اہم شواہد فراہم کر رہی ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق تمام برآمد شدہ رقم اور شواہد کو قانونی تقاضوں کے مطابق تحویل میں لے لیا گیا ہے، اور ملزم کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ (FERA) کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں