کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر حسیب جمالی کی قیادت میں وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں جنرل سیکریٹری فرید منگریو، جوائنٹ سیکریٹری حضیفہ خان اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، صوبے میں قانون کی بالادستی اور انصاف کی بروقت فراہمی، عدالتی نظام کی بہتری، وکلاء برادری کے مسائل اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے وکلاء برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور آئین و قانون کی پاسداری اور جمہوری اقدار کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے تمام اداروں کے مابین ہم آہنگی پر بھی زور دیا۔
وفد نے گورنر سندھ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور قانون کے فروغ میں تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔


