سندھ انفارمیشن کمیشن کا آرٹس کونسل کو معلومات فراہم کرنے کا حکم، کونسل نے فیصلہ چیلنج کر دیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ انفارمیشن کمیشن نے آرٹس کونسل کو پبلک باڈی قرار دیتے ہوئے شہریوں کو معلومات تک رسائی فراہم کرنے کا حکم دیا، جسے آرٹس کونسل نے چیلنج کر دیا ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ سندھ انفارمیشن کمیشن نے آرٹس کونسل کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع نہیں دیا۔ وکیل کے مطابق آرٹس کونسل ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے جو حکومتی کنٹرول کے بغیر سرگرمیاں کرتا ہے، اور حکومت سندھ کی طرف سے ملنے والی گرانٹس کونسل کی کل آمدن کا صرف محدود حصہ ہیں۔

وکیل نے مزید کہا کہ قانون کے تحت مکمل طور پر حکومتی فنڈنگ پر انحصار کرنے والے نجی ادارے کو پبلک باڈی قرار دیا جا سکتا ہے، لیکن آرٹس کونسل سے اراکین کی ذاتی تفصیلات اور دیگر حساس نوعیت کی معلومات طلب کرنا شہریوں کے حق رازداری کے خلاف ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے اپیل کی کہ سندھ انفارمیشن کمیشن کے احکامات کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور متعلقہ حکام کو آرٹس کونسل کے خلاف کسی بھی کارروائی سے روکا جائے۔

عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے معاملے کی مزید سماعت کے لیے تاریخ مقرر کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں