پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو) حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) آبگینے خان کی زیر صدارت ضلع بھر میں سگریٹ کی غیر قانونی فروخت اور اسمگل شدہ نان کسٹم پیڈ سگریٹس کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کی پیش رفت کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر پاکپتن رب دنو میتلو، اسسٹنٹ کمشنر عارفوالا فیصل عمران، ایس ڈی ای او پیرا فورس مہر اقبال اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر حافظ افتخار سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جاری کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی اور کریک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آبگینے خان نے کہا کہ نان کسٹم پیڈ اور اسمگل شدہ سگریٹس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس غیر قانونی کاروبار کے خاتمے سے قومی خزانے کو تحفظ ملے گا اور عوام کو مضر صحت اشیاء سے بچایا جا سکے گا۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مربوط حکمت عملی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز ایکشن یقینی بنایا جائے، تاکہ ضلع بھر میں غیر قانونی سگریٹس کی فروخت کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔


