پشاور(ایچ آراین ڈبلیو) عالمی یومِ خواتین کے موقع پر فرنٹیئر کور خیبرپختونخواہ نارتھ کی بہادر خواتین کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے، جو ملک کے دفاع اور قیامِ امن میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
گزشتہ دو دہائیوں سے فرنٹیئر کور نارتھ کی خواتین سولجرز نے جرات، بہادری اور قربانی کی عظیم مثالیں قائم کی ہیں۔ وہ نہ صرف سخت ترین فوجی تربیت حاصل کر رہی ہیں بلکہ ملک کے دشوار گزار سرحدی اور قبائلی علاقوں میں بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ چترال، دیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی اور سوات جیسے حساس علاقوں میں یہ باہمت خواتین ملک کا دفاع کر رہی ہیں، جو پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔
یہ بہادر خواتین کہتی ہیں کہ انہیں اپنے ملک کی حفاظت اور ترقی میں خواتین کے کردار پر فخر ہے۔ وہ اس عزم کا اظہار کرتی ہیں کہ ہر مشکل گھڑی میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گی۔
پوری قوم ان بہادر بیٹیوں اور بہنوں کو سلام پیش کرتی ہے جو فرنٹیئر کور خیبرپختونخواہ نارتھ کے تحت ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے سرگرمِ عمل ہیں


