سندھ(ایچ آراین ڈبلیو)پنجاب سرحدی علاقوں میں امن کے قیام کے لیے پولیس اور رینجرز کا مشترکہ ’’نجاتِ مہران آپریشن‘‘ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ حکام کے مطابق گھوٹکی اور خیرپور کے کچے علاقوں میں آپریشن کے دباؤ کے باعث شرپسند عناصر کی گرفتاریوں اور سرنڈر کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔
ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران کے مطابق سندھ–پنجاب سرحدی علاقے رونتی کچے میں جاری کارروائی کے نتیجے میں شر گینگ کے مزید 7 اشتہاری ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سرنڈر کرنے والے ملزمان قتل، قبائلی تصادم اور ڈکیتی سمیت سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔
حکام کے مطابق گزشتہ 40 روز سے جاری آپریشن کے دوران اب تک 75 سے زائد اشتہاری اور انعام یافتہ ڈاکو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے خود کو پیش کر چکے ہیں، جو آپریشن کی مؤثر حکمتِ عملی کا واضح ثبوت ہے۔
دوسری جانب خیرپور کچے کے جنگلاتی علاقے میں بھی اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں 50 لاکھ روپے کے انعام یافتہ خطرناک ڈاکو علی احمد عرف احمدو ناریجو نے سرنڈر کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق مذکورہ ملزم 60 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ کچے کے علاقوں میں مکمل امن کی بحالی تک آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔


