ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: بھارت کا پاکستان کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف، صائم ایوب کی تباہ کن بولنگ

کولمبو (ایچ آر این ڈبلیو) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس اہم معرکے میں پاکستانی کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ میچ کے آغاز پر روایتی حریفوں کے درمیان تناؤ اس وقت واضح نظر آیا جب ٹاس کے موقع پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ بھارت کی پہلی وکٹ میچ کے پہلے ہی اوور میں گری جب اوپنر ابھیشیک شرما بغیر کوئی رن بنائے کپتان سلمان آغا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ تاہم ایشان کشن نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 40 گیندوں پر 77 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، انہیں صائم ایوب نے بولڈ کیا۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے بھارتی مڈل آرڈر کو شدید دباؤ میں رکھا۔ 15 ویں اوور میں جب بھارت کا اسکور 126 رنز تھا، صائم ایوب نے تلک ورما کو 25 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی اور اگلی ہی گیند پر تجربہ کار ہاردک پانڈیا کو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کر کے بھارت کی پوزیشن کمزور کر دی۔ اب پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 176 رنز درکار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں