کراچی (ایچ آراین ڈبلیو ) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس ڈاکٹر مولانا نعمان نعیم نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کے حوصلے دشمن کی گیڈر بھبکیوں سے ہرگز متزلزل نہیں ہو سکتے, وطنِ عزیز کے تحفظ اور سلامتی کے لیے پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر فرد، ہر بچہ اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے تیار ہے, بھارت کا خطے میں بالادستی کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکے گا۔جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز رئیس الجامعہ مولانا نعمان نعیم کی صدارت میں اساتذہ کرام کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ، جس میں حالیہ ملکی حالات پر تبادلہ خیال اور نئے تعلیمی سال میں ہونے والے ریکارڈ داخلوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا نعمان نعیم نے کہا کہ دنیا بھر سے دینی تعلیم کے خواہشمند طلبہ کا پاکستان آنا ملک کے لیے ایک اعزاز ہے, رواں سال جامعہ میں ریکارڈ تعداد میں داخلے ہوئے ہیں اور مختلف ممالک سے طلبہ اب بھی داخلے کے لیے رابطے کر رہے ہیں,انہوں نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے غیر ملکی طلبہ کے لیے تعلیمی ویزوں کے اجراء میں سہولت پیدا کی جو قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عالمِ اسلام میں قائدانہ کردار کا حامل ملک ہے اور مسلمانوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ جنگیں صرف عددی طاقت یا اسلحہ سے نہیں بلکہ جذبہ، حوصلہ اور ایمان سے لڑی جاتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان کو جو ولولہ اور قربانی کا جذبہ عطا فرمایا ہے، وہ دنیا کی کسی قوم کے پاس نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دینی مدارس نہ صرف دینی اور اخلاقی تربیت کے مراکز ہیں بلکہ ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں،اافواجِ پاکستان کےشانہ بشانہ کھڑے ہیں


