اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان اور بھارت میں کشیدگی کے دوران چین نے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے ملاقات کی، شہباز شریف نے چینی صدر اور وزیر اعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور موجودہ صورتحال میں پاکستان کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے اقدامات ہماری توجہ کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے خلاف کوششوں سے ہٹاسکتے ہیں۔ یہ گروپ افغانستان کے اندر سے کام کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کا پانی کو جارحیت کے لیے بطور ہتھیار استعمال کرنےکا فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے، سندھ طاس معاہدے کے تحت کسی فریق کو یکطرفہ معاہدے سے انحراف کا حق نہیں، جموں و کشمیرتنازع کا پرامن حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔


