کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شارع فیصل کے علاقے میٹروپول کے قریب فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نے رکشہ سوار شہری کو گولی مار کر قتل کر دیا مقتول کی شناخت 37 سالہ ڈاکٹر سارنگ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ نجی ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں کار سوار ملزمان نے رکشہ کو روک کر ڈاکٹر سارنگ کو ان کی اہلیہ کے سامنے گولیوں کا نشانہ بنایا فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول اپنی بیوی کے ہمراہ کینٹ اسٹیشن سے رکشہ میں گھر جا رہا تھا کہ ملزمان نے راستہ روک کر حملہ کر دیا لاش کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سارنگ ایک نجی اسپتال میں فرائض انجام دے رہے تھے اور کراچی پریس کلب کے قریب علاقے کے رہائشی تھے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ ذاتی دشمنی یا دیگر محرکات کا نتیجہ ہو سکتا ہے تاہم حتمی وجہ کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔


