اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعظم محمد شہبازشریف نےبنوں میں فتنہ الخوارج کےخلاف کامیاب مشترکہ کارروائی پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری ہیں اور قوم کی مکمل حمایت سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے عزم، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشیں قابلِ فخر ہیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔


