56

پاکستان کی مسلح افواج ہر خطرے کے خلاف مکمل طور پر تیار ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر

اسلام آباد/بہاولپور(ایچ آراین ڈبلیو) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مؤثر جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، کیونکہ جدید جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آچکی ہے اور دفاع کے لیے ہمہ وقت تیاری ناگزیر ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کے میدانِ جنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ہر سطح پر اعلیٰ درجے کی پیشہ ورانہ تیاری، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور مسلسل تربیت انتہائی ضروری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے خیرپور ٹامیوالی میں جاری جنگی مشقوں کا بھی مشاہدہ کیا، جہاں جدید ڈرونز، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید سرویلنس ٹیکنالوجی کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے روہی ای اسکلز لرننگ حب اور آرمی پبلک اسکول عباسیہ کیمپس کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کا اعلان کرتے ہوئے معیاری تعلیم سے وابستگی کا اعادہ کیا۔

اس کے علاوہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ کیا جہاں انہیں جدید دفاعی پلیٹ فارمز کی دیکھ بھال اور تکنیکی صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔

دورے کے اختتام پر فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں