حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے نائب صدر شان سہگل نے چنیوٹ شیخ سوسائٹی کے صدانجم نثار کی جانب سے منعقدہ ”میٹ اینڈ گریٹ” تقریب شرکت کی۔، جس میں ملک بھر سے کاروباری برادری کی ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس تقریب کا مقصد نہ صرف فلاحی سرگرمیوں کے لیے فنڈ ریزنگ تھا بلکہ تاجر اور صنعتکار طبقے کو درپیش اہم مسائل پر تعمیری مکالمہ بھی اس پروگرام کا نمایاں حصہ رہا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرز و چیئر مین بورڈ آف انویسمینٹ قیصر احمد شیخ نے کاروباری برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی ترقی اور نجی شعبے کے ساتھ حکومت کے تعاون پر تفصیلی گفتگو کی۔نائب صدر چیمبر شان سہگل نے تاجر اور صنعتکار برادری کے بنیادی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر ہمیشہ سے تاجروں اور صنعتکاروں کی آواز بنتا آیا ہے اور ملک بھر کے چیمبرز کے ساتھ مل کر پالیسی سازی، ٹیکس اصلاحات، توانائی بحران، اور کاروباری سہولت کاری کے لیے عملی اقدامات پر زور دیتا رہے گا۔ انہوں نے وفاقی وزیر سے مطالبہ کیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے خصوصی پیکجز اور سہولتیں متعارف کروائی جائیں تاکہ قومی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے شان سہگل کی آراء اور تجاویز کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ جلد ہی حیدرآباد چیمبر کی قیادت سے ملاقات کریں گے تاکہ کاروباری مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔تقریب میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم سہگل اورپاکستان بھر سے صنعت و تجارت کی نمایاں شخصیات میں کے اے ٹی آئی کے چیئرمین اکرم راجپوت، کراچی چیمبر کے سابق صدر افتخار وہرا، سابق نائب صدر کے سی سی آئی آصف پائلٹ، اور ایف پی سی سی آئی کی قیادت سے ایس ایم تنویر اور فیاض مگوں شامل تھے۔یہ تقریب کاروباری برادری کے مابین روابط مضبوط کرنے، قومی معاشی ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے اور مختلف چیمبرز کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش ثابت ہوئی، جس میں حیدرآباد چیمبر کے نائب صدر کی فعال شرکت نے ادارے کے مؤثر اور متحرک کردار کو مزید نمایاں کیا۔


