96

سانحہ گل پلازہ پر کراچی بار کا اظہارِ افسوس، متاثرین کے لیے مفت قانونی امداد کا اعلان

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی بار ایسوسی ایشن نے گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے محض ایک حادثہ نہیں بلکہ مسلسل غفلت، ناقص انتظامات اور کمزور طرزِ حکمرانی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔

کراچی بار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سانحہ گل پلازہ میں تقریباً 1200 دکانیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں، جبکہ 20 سے 25 ملین امریکی ڈالر مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ بیان کے مطابق اس المناک واقعے سے مجموعی طور پر 100 ملین امریکی ڈالر کے قریب نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

کراچی بار نے متاثرہ تاجروں، دکانداروں اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سانحہ گل پلازہ سے متعلق تمام قانونی کارروائیاں اور مقدمات بلا معاوضہ انجام دیے جائیں گے۔

بار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ متاثرین کو انصاف کی فراہمی اور ذمہ داران کے تعین تک قانونی جدوجہد جاری رکھی جائے گی، تاکہ آئندہ اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں