کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شہر قائد کی اہم شاہراہیں آئی آئی چندر یگر روڈ، شارعِ فیصل اور شاہراہ قائدین کی 266 عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ سامنے آیا، جس میں انکشاف ہوا کہ صرف 6 عمارتوں میں فائر سیفٹی کے بنیادی انتظامات موجود ہیں۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق 200 سے زائد عمارتوں میں آگ بجھانے کے آلات موجود نہیں، 62 فیصد عمارتوں میں ایمرجنسی ایگزٹ موجود نہیں، جبکہ 70 فیصد عمارتوں میں بجلی کی وائرنگ غیر معیاری ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور فائر بریگیڈ حکام کو سہولیات فراہم کرنے کی سفارش کی گئی تھی، لیکن اب تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 266 میں سے صرف 90 عمارتوں میں فائر الارم اور اسموک ڈٹیکٹر نصب تھے۔ ایس بی سی اے اور رہائشیوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ فائر سیفٹی کے اقدامات اٹھائیں، تاہم ابھی تک مناسب اقدامات نہیں کیے گئے۔
یہ رپورٹ شہر کی فائر سیفٹی کی سنگین حالت کی نشاندہی کرتی ہے اور بڑے حادثات کے خطرے کو بڑھا رہی ہے۔


