87

سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، دہشت گرد حملے ناکام، 12 ہلاک، 3 گرفتار

خاران(ایچ آراین ڈبلیو)بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ایک بڑے حملے کو ناکام بنا دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران 12 دہشت گرد ہلاک اور 3 اہم دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے، جن میں ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد بھی شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے آغاز میں ہی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو موقع پر ہلاک کر دیا۔ ابتدائی جھڑپ کے بعد چند دہشت گرد عارضی طور پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے ان کا تعاقب جاری رکھا اور بعد ازاں ٹارگٹڈ کارروائی کے ذریعے انہیں بھی ہلاک کر دیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس حملے میں مجموعی طور پر 38 سے 40 دہشت گرد شامل تھے، جن میں بڑی تعداد غیر ملکی، خصوصاً افغان دہشت گردوں کی ہے۔ مختلف مقامات پر ہونے والی جھڑپوں اور کاؤنٹر ٹیررزم کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 5 اہلکار زخمی ہوئے، تاہم کسی اہلکار کی شہادت کی اطلاع نہیں ہے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے اور یہ کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک تمام دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ نہیں کر لیا جاتا۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی بھی تخریبی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں