لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)پنجاب حکومت اور علمائے کرام کے درمیان مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر چار ماہ تک جاری رہنے والے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق مذاکرات کے بعد علمائے کرام اور اتحاد تنظیمات مدارس کے تحفظات دور کر دیے گئے ہیں اور تمام فریق رجسٹریشن کے لیے متفق ہو گئے ہیں۔ رجسٹریشن کا عمل 3 فروری سے باقاعدہ آغاز ہوگا۔
محکمہ داخلہ نے آن لائن فارم تیار کیا ہے جس میں مدارس اپنی تفصیلات جمع کرائیں گے، کسی کو کسی دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ یہ فارم علما کرام، اتحاد تنظیمات مدارس، محکمہ تعلیم، انڈسٹریز، چیریٹی کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کی مشاورت سے ترتیب دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مدارس آن لائن ڈیٹا فراہم کریں گے اور پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ہو جائیں گے۔ مدارس کے آئی ٹی عملے کی تربیت بھی جاری ہے تاکہ رجسٹریشن کے عمل میں سہولت ہو۔
مزید برآں، وفاق المدارس اور مختلف مکاتبِ فکر کے ساتھ بھی مشاورت مکمل کر لی گئی ہے، جس سے مدارس کی رجسٹریشن کا عمل شفاف اور موثر بنانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔


