جامشورو(ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کے تحت قائم ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا، جس میں ضلع میں امن و امان، انسدادِ جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ ماہ کی کارروائیوں اور مجموعی کارکردگی پر بریفنگ حاصل کی۔ صوبائی اور وفاقی اداروں کے افسران نے نان کسٹم اشیاء کی غیر قانونی سرگرمیوں، موبائل سموں کی غیر قانونی فروخت اور دیگر اہم اقدامات پر مشتمل تفصیلی رپورٹس پیش کیں۔
اجلاس میں چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف مختیار ابڑو، ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون بابر خان نظامانی، اے ڈی سی ٹو ڈاکٹر عدنان منیر تنیو، ایڈیشنل ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امیر علی کولاچی، پاک آرمی، رینجرز، ایکسائز، قانون نافذ کرنے والے ادارے، ریونیو، ایف آئی اے، کسٹمز، لیبر، حیسکو، وومین ڈیولپمنٹ، اوقاف، زراعت اور محکمہ اطلاعات کے افسران نے بھی شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
غیر قانونی موبائل سموں کی روک تھام اور کم عمر بچوں سے بھیک منگوانے کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں۔
تمام ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے مربوط حکمت عملی اور باہمی تعاون کے تحت کام کریں۔
ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن ایپکس کمیٹی کے اجلاس ہر ماہ دو مرتبہ باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے۔
کمیٹی کی کارکردگی اور کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ صوبائی اور وفاقی ایپکس کمیٹی کو بھیج کر ضلع میں جرائم کے مکمل خاتمے اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے۔
یہ اجلاس ضلع جامشورو میں امن و امان کے قیام اور قانون نافذ کرنے کے اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔


