58

حیدرآباد میں شہری فلاحی خدمات بہتر بنانے کے لیے کوارڈینیشن اجلاس

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)چیئرمین ٹاؤن مونسپل میاں سرفراز کی ہدایت پر شہری سطح پر فلاحی خدمات کی بہتری اور این جی اوز و متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لیے ٹاؤن آفس میں ایک کوارڈینیشن اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ٹاؤن چیئرمین بلال مصطفی شیخ، میونسپل کمشنر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعلقہ لطیف آباد میڈم شزا فاطمہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر (ایچ کیو)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعلقہ سٹی ڈاکٹر سیدہ قرۃ العین، ذوالفقار علی عمرانی، بھائی خان ویلفیئر کے حاجی محمد یاسین ارائیں، سلاوٹ جماعت کے مہذب اختر، تنظیم خادم انسانیت کے ملک محمد اسلم کے علاوہ مختلف ایکٹیو این جی اوز کے نمائندے شریک ہوئے۔

چیئرمین بلال مصطفی شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین، بزرگ شہریوں اور بچوں کے تحفظ کے لیے فلاحی منصوبہ بندی اور شہری سطح پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن پروگرام کے تحت بھیک مانگنے والے بچوں کی کونسلنگ، بہتر نگہداشت اور تعلیم و تربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے اجلاس میں سفارش کی کہ ایک کوارڈینیشن کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں محکمہ سوشل ویلفیئر، این جی اوز اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہوں تاکہ شہری مسائل بروقت حل ہو سکیں۔

اس موقع پر میڈم شزا فاطمہ نے کہا کہ بھیک مانگنے والے بچوں کے لیے حیدرآباد میں ریہیبلیٹیشن سینٹر جلد قائم کیا جا رہا ہے تاکہ بچوں کو معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے۔

ڈاکٹر سیدہ قرۃ العین نے کہا کہ بچے ملک کا سرمایہ ہیں اور ان کی تعلیم و بہتر تربیت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کو زبردستی بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والے مافیا کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں اور کمزور طبقات کے مسائل کو بروقت حل کرنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

اجلاس میں حاجی محمد یاسین ارائیں اور دیگر این جی اوز کے نمائندوں نے خواتین پر جنسی تشدد، چائلڈ پروٹیکشن اور دیگر مسائل پر اپنی تجاویز پیش کیں۔

یہ اجلاس شہری فلاحی خدمات کی بہتری اور سماجی تحفظ کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں